دکھ کی اس گھڑی میں جمعیت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے : پشاور میں زخمیوں کی عیادت کے بعد خطاب

لاہور (24ستمبر2013) ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان محمد زبیر صفدر نے کہا کہ چرچ پر حملہ پاکستان دشمن عناصر کی کارروائی ہے۔ حملہ انسانیت پر ایک وار ہے اور یہ ان لوگوں نے کیا جو پاکستان کو پر امن اور ترقی یافتہ نہیں دیکھنا چاہتے۔ اسلام اقلیتوں کے مکمل تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ایک سازش کے تحت حالات خراب کئے جارہے ہیں۔پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں قوم متحد ہو کر ان کوششوں کو ناکام بنائے۔ ناظم اعلیٰ جمعیت کا مزید کہنا تھا کہ مساجد، گرجا گھروں، بازاروں اور اسکولوں پر حملے کر کے قوم کے اندر انتشار پھیلایا جارہا ہے۔