لندن (جیوڈیسک) برطانیہ کے شہزادے ہیری نے کہا ہے کہ انھیں افسوس ہے کہ وہ اپنی ماں شہزادی ڈیانا کی موت کے بارے میں کبھی کسی سے کھل کر بات نہیں کر سکے۔
شہزادہ ہیری کنسنگٹن محل میں ذہنی صحت کی مہم ‘ہیڈز ٹوگیدر’ کی امدادی تقریب کی میزبانی کر رہے تھے، جہاں انھوں نے انگلینڈ فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان ریو فرڈیننڈ سے اپنی زندگی کے پچھتاوے کا ذکر کرتے ہوئے کہا ” ایسا ہے کہ مجھے اس بارے میں بات نا کرنے کا افسوس ہے”۔
انھوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی زندگی کے ابتدائی 28 سالوں میں اپنی ماں کی موت کے بارے میں کبھی بات نہیں کرسکے تھے۔
31سالہ شہزادے ہیری نے انکشاف کیا کہ اپنی ماں کو کھونے پر وہ کیسے ذہنی دباؤ کا شکار ہوگئے تھے اس بارے میں وہ صرف تین سال پہلے بات چیت کرنے کے قابل ہوئے ہیں۔
شہزادہ ہیری کی عمر 12 سال اور ان کے بڑے بھائی شہزادہ ولیم 15سال کے تھے جب شہزادی ڈیانا 31 اگست1997 میں پیرس میں ایک کار حادثے میں ہلاک ہوگئی تھیں۔
شہزادے ہیری نے نفسیاتی مسائل کے امدادی ادارے ہیڈز ٹوگیدر کے لیے شاہی محل میں ایک بار بی کیو پارٹی کا اہتمام کیا تھا جس میں ملک کے ہائی پروفائل کھیلوں کے ستاروں نے شرکت کی جنھیں ان کے نفسیاتی مسائل پر بات کرنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔
شہزادہ ہیری نے بی بی سی سے گفتگو میں کہا کہ یہ تقریب ایک موقع ہے یہ بتانے کا کہ سبھی کی طرح میدان میں نا گھبرانے والے کھلاڑی بھی ذہنی صحت کے مسائل کا شکار ہوسکتے ہیں اور وہ شاہی خاندان کے افراد بھی ہوسکتے ہیں۔
شہزادہ ہیری کا کہنا تھا کہ ”آپ کا متاثر ہونا ٹھیک ہےجب تک کہ آپ اس کے بارے میں دوسروں سے بات کرتے ہیں یہ کمزوری نہیں ہے”۔
”کمزوری یہ ہےکہ مسئلہ ہے اور اسے تسلیم نا کیا جائے اور اسے حل کرنے کی کوشش نا کی جائے۔”
”اگر آپ کے پاس ملازمت ہے آپ معاشی طور پر آسودہ ہیں آپ کا خاندان ہے اور آپ کا گھر ہے یا اسی طرح کی دیگر چیزیں تو ہر کوئی یہ ہی سوچتا ہے کہ آپ کو بس انہی چیزوں کی ضرورت تھی اور آپ ان چیزوں کے ساتھ سب کچھ برداشت کرنے کے قابل ہیں۔”
انھوں نے مزید کہا کہ معروف فٹ بالر ریو فرڈیننڈ کو دیکھ کر کسی کے لیے بھی یہ کہنا آسان ہوگا کہ ان کے پاس دولت ہے اور وہ بہترین فٹبالر ہیں۔ لیکن، ان کی زندگی کے ابتدائی مرحلے میں وہ اپنی اہلیہ کو کھو چکے ہیں تو یقیناً اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ تکلیف سے گزر رہے ہیں۔ اس کے باوجود کہ ان کے پاس ایک اچھی جاب ہے۔
37سالہ برطانوی فٹبالر کی اہلیہ ربیکا ایلسن پچھلے سال 34 برس کی عمر میں کینسر کے باعث فوت ہوگئی تھیں۔ برطانوی فٹبالر جن کے تین چھوٹے بچے ہیں کہا کہ شہزادہ ہیری اپنی زندگی میں اس ذہنی دباؤ کے ساتھ کئی مرحلوں سے گزرے ہیں اور میرے بچے بھی اپنی زندگی کے اسی دور میں داخل ہورہے ہیں۔
ہیڈز ٹوگیدر نامی امدادی ادارہ شہزادہ ہیری اور شہزادے ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کی طرف سے قائم کیا گیا ہے۔ یہ ادارہ نفسیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے ملک کی دیگر آٹھ تنظیموں اور امدادی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے۔