واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی انتخابات میں مبینہ مداخلت کے الزامات پر کہا ہے کہ وہ خود کو معاف کرنے کا حق رکھتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹوئٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی انتخابات میں مداخلت سے متعلق تحقیقات پر اثر انداز ہونے کے الزام کو مسترد کردیا اور کہا کہ مختلف قانونی ماہرین کے مطابق میں کسی بھی جرم میں خود کو معاف کرنے کا آئیںی حق رکھتا ہوں لیکن میں ایسا کیوں کروں گا جب میں نے کچھ غلط نہیں کیا؟
قبل ازیں ڈونلڈ ٹرمپ کے وکیل روڈی جولیانی نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ بحیثیت صدر مملکت اپنے آپ کو معاف کرنے کا اختیار رکھتے ہیں لیکن میرے موکل ایسا ہرگز نہیں کریں گے۔
اس کیس کی تحقیقات ایک خصوصی کونسل کررہی ہے۔ قبل ازیں صدر ٹرمپ کا صدارتی انتخاب میں مداخلت کی تحقیقات کرنے والی خصوصی کونسل کو لکھا گیا خط نیویارک ٹائمز میں شائع ہوا ہے جس میں انھوں نے ملک کے قانونی سربراہ ہونے کے ناطے کسی بھی تحقیق کو ختم کرنے اور معاف کرنے کی طاقت کو استعمال کرنے کے اختیار کا ذکر کیا تھا۔ جس سے یہ گمان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ شاید مذکورہ کیس میں امریکی صدر اپنے خصوصی اختیار کو استعمال کرتے ہوئے خود کو معاف کردیں۔
واضح رہے کہ امریکا میں 2016ء میں ہونے والے صدارتی انتخابی نتائج پر روس کے اثر انداز ہونے کے الزامات سامنے آئے تھے تاہم ڈونلڈ ٹرمپ صدارتی انتخاب میں روس کے مبینہ طور پر اثرانداز ہونے کے الزامات کو مسترد کرتے چلے آئے ہیں جس پر ان الزامات کی تحقیقات کے لیے رابرٹ مولر کی سربراہی میں خصوصی کونسل تشکیل دی گئی تھی۔