اسلام آباد (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے راہنما رشید گوڈیل نے کہا ہے کہ مہاجروں کو گالی دینے پر جب تک معافی نہیں مانگی جاتی ایوان میں نہیں آئیں گے، قومی اسمبلی میں احتجاج کرتے ہو ئے رشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ ہجرت کوئی گالی نہیں،ایسا کرنے والوں پر توہین رسالت کا قانون لاگوہونا چاہیے، ہجرت سنت رسول ہے، یہ مکہ سے مدینہ کی گئی، یہاں پر کیسے عناصر ہیں جو مہاجروں کے ساتھ زیادتی کر رہے ہیں۔
مہاجر ننگے بھوکے نہیں آئے تھے، اپنا بھرا گھر بار چھوڑ کر ہجرت کر کے آئے تھے، ہم کہتے ہیں کہ سندھ کسی کی جائیداد یا جاگیر نہیں، متروکہ املاک مہاجروں کی ہیں، لیکن عوام کو بھوک، کفن اور قبر ہی ملی۔ بھارت نے بھی آزادی کے بعد نئے صوبے بنائے، بھارت میں کسی نے نہیں کہا کہ یہ ہماری ماں ہے،تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔ رشید گوڈیل اور ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی نے ایوان سے واک آئوٹ کیا۔