ماسکو (جیوڈیسک) جو کامیابی امریکی و اتحادی فوجیں 13 سال میںحاصل نہ کر سکیں وہ کامیابی پاک آرمی نے صرف دو سال میں حاصل کرلی‘ بڑے افسوس کی بات ہے کہ دنیا کے سیاسدانوں نے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے ماسکو میں بین الاقوامی سکیورٹی اور دہشت گردی کی کانفرنس سے خطاب میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دنیا سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ دنیا کو اپنی پالیسی پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ عراق اور لیبیا میں ناکام پالیسیوں کے بعد عالمی حکمران شام میں یہی غلطی نہیں دہرائیں گے۔ اسرائیل فلسطینیوں پر بے پناہ ظلم ڈھا رہا ہے اور فلسطینی دوسرے ممالک میں پناہ لینے پر مجبور ہیں عالمی دنیا اسرائیل کو فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے روکے۔
وزیر دفاع نے عالمی برادری پر زور دیا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کا بھی خیال رکھے بھارتی فوجیں آئے دن کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیتی ہیں جس کو روکنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ خطے میں امن و امان قائم رکھنے کیلئے بھارت کو تمام مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کی میز پر بیٹھنا ہوگا۔