کراچی (خصوصی رپورٹ)حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں صفائی وستھرائی کے مسائل کے حوالے سے عوامی شکایات کا نوٹس لیکر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا اور میونسپل کمشنر مسرور میمن کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صفائی و ستھرائی کے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ صفائی وستھرائی کے امور کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنا کر صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا یا جائے کوڑا کرکٹ پھیلانے کی روک تھام کرکے صفائی وستھرائی کے حوالے سے جاری انتظامات مکمل نگرانی میں انجام دیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر اور میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی کے ہمراہ شاہ فیصل زون کا تفصیلی دورہ کرکے صفائی وستھرائی کے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز رفیق شیخ ،شاہ فیصل زون کے فوکل پرسن اسلم پرویز اور دیگر بھی موجود تھے دورے کے موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا نے کہاکہ ضلع کورنگی میں صاف ستھرے صحت مند ماحول کے قیام کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں انہوں نے ضلع کورنگی کی حدود میں صحت مند ماحول کے قیام کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کوڑا کرکٹ اور کچرا شاہراہوں اور گلیوں محلوں میں پھیلانے والوں کے خلاف میونسپل قوانین کے تحت سخت کاروائی عمل میں لاکر صاف ستھرے ماحول کا قیام یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر مسرور میمن نے محکمہ سنیٹریشن کے افسران وعملے کو ہدایت کی کہ کچرا کنڈیوں سے کچرے کی روزانہ کی بنیادوں پر منتقلی اور گلیوں محلوں کی سطح پر سوئپنگ کے انتظامات کی مکمل نگرانی کی جائے اس موقع پر انہوں نے متعلقہ ذمہ دران کو ہدایت کی کہ صفائی وستھرائی کے امور کی بہتر کو یقینی بنا نے کے ساتھ ساتھ صحت مند ماحول کے حوالے سے عوامی شکایات کا خاتمہ یقینی بنا یا جائے۔