جنوبی افریقہ کے پہلے سیاہ فام صدر نیلسن منڈیلا 95 سال کی عمر میں انتقال کر گئے

 Nelson Mandela

Nelson Mandela

جنوبی افریقہ (جیوڈیسک) جنوبی افریقہ کے پہلے سیاہ فام صدرنیلسن منڈیلا پچانوے سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ نوبل انعام یافتہ لیڈر، پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ صدر جیکب ذوما نے ان کے انتقال کا اعلان کیا۔

پچانوے سالہ افریقی لیڈر نیلسن منڈیلا کو پانچ ماہ پہلے 8جون کو پھیپھڑوں کے انفیکشن میں مبتلا ہونے پر پریٹوریا کے اسپتال داخل کرایا گیا جہاں ایک موقع پر اُن کے انتقال کی افواہیں آئیں مگر نیلسن منڈیلا کی طبعیت سنبھل گئی اور انہیں جوہانسبرگ کے گھر میں منتقل کر دیا گیا۔

تاہم سابق صدر کی حالت بدستور تشویشناک تھی اور بعض اوقات بگڑ جاتی رہی اور ان کے گھر پر انتہائی نگہداشت کا انتظام کیا گیا تھا۔ جنوبی افریقہ کے صدر جیکب ذوما نے نیلسن منڈیلا کے انتقال کا اعلان کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ اپنے ایک عظیم بیٹے سے محروم ہو گیا۔ جیکب ذوما کا کہنا تھا کہ نسلی امتیاز کے خلاف جدوجہد کا ایک باب ختم ہو گیا۔ انہوں نے ملک بھر میں سوگ کا اعلان کیا۔

سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہیں گے۔ نیلسن منڈیلا کے انتقال کی خبر سنتے ہیں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور اپنے عظیم لیڈر کو خراج عقیدت پیش کیا۔