کیپ ٹاؤن (جیوڈیسک) جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ 2007ء میں جنوبی افریقا کیلئے دو ایک روزہ اور ایک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کھیلنے والے غلام بودی پر دسمبر میں اینٹی کرپشن یونٹ نے میچ فکسرز اور کھلاڑیوں کے درمیان رابطے کرانے کا الزام عائد کیا تھا۔
بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات کے بعد اس بات کی تصدیق ہو چکی ہے کہ غلام بودی نے میچ فکسرز اور کھلاڑیوں کے درمیان رابطے میں کردار ادا کرتے رہے۔
بھارتی نژاد کرکٹر پر ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی لیگ ریم سلیم کے میچ یا میچ کے کسی حصے کو فکس کرنے کیلئے کھلاڑیوں اور ٹیم پر اثر انداز ہونے کا الزام ہے۔ غلام بودی اس ٹورنامنٹ میں تو شریک نہیں ہوئے لیکن کہا جا رہا ہے کہ لیگ کے چند کھلاڑی بھی میچ فکسنگ میں ملوث ہیں تاہم ابھی تک کسی کرکٹر کا نام سامنے نہیں آیا۔
لورگاٹ نے بتایا کہ بودی ہمارے اینٹی کرپشن یونٹ سے تعاون کر رہے تھے اور ہم ان الزامات پر ان کے ردعمل کے منتظر ہیں۔