ہرارے (جیوڈیسک) ٹرائنگولر سیریز کے دوسرے میچ میں پروٹیز نے ہنستے کھیلتے رنز کا پہاڑ عبور کر لیا، ٹیم نے 328 رنز کا ہدف 3 وکٹ پر حاصل کیا۔
ابراہم ڈی ویلیئرز اور فاف ڈو پلیسی نے سنچریاں جڑ کرآسٹریلیا پر 7 وکٹ سے فتح دلائی، اس سے قبل کینگروز نے 7 وکٹ پر 327 رنز بنائے، فنچ نے تھری فیگر سجائی، جارج بیلی نے 66 رنز بنائے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کو ہرارے کے بیٹسمینوں کیلیے موزوں پچ اور چھٹی بائونڈریز کے حامل اسپورٹس کلب گرائونڈ پر فتح کیلیے 328 رنز کا ہدف ملا، جس کے جواب میں 2 کھلاڑی 51 رنز پر آئوٹ ہوگئے، ہاشم آملا نے کین رچرڈسن کی شارٹ اور وائیڈ گیند کو پوائنٹ پر موجود فیلڈر اسٹیون اسمتھ کے ہاتھوں میں پہنچا دیا۔
انھوں نے 24 رنز بنائے، کوئنٹین ڈی کاک بھی 19 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی شارٹ گیند کا شکار ہوئے، جسے درست انداز میں پل نہ کرنے کی وجہ سے وہ ڈیپ اسکوائر لیگ پر جیمز فالکنر کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ اس موقع پر فاف ڈو پلیسی اور ابراہم ڈی ویلیئرز نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 206 رنز بناکر ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچایا، ڈو پلیسی نے 98 بالز پر ایک چھکے اور 11 چوکوں کی مدد سے 106 رنز بنائے، انھیں اسٹارک نے اسمتھ کی مدد سے قابو کیا تاہم ڈی ویلیئرز نے پال ڈومنی کی مدد سے 20 بالز قبل ہی ٹیم کو فتح دلا دی۔
دونوں کے درمیان چوتھی وکٹ کیلیے 71 رنز کی ناقابل شکست شراکت بنی، ڈی ویلیئرز 136 پر ناٹ آؤٹ رہے، انھوں نے 106 میں سے 2 گیندوں پر چھکے اور 11 پر چوکے لگائے، پال ڈومنی نے 33 رنز اسکور کیے۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے 7 وکٹ پر 327 رنز بنائے، ایرون فنچ نے سال میں اپنی تیسری سنچری مکمل کرتے ہوئے 102 رنز اسکور کیے، بیلی نے 66 اور فل ہیوز نے 51 رنز بنائے، مورن مورکل، ریان میکلرین اور عمران طاہر نے 2،2 وکٹیں لیں۔