کیپ ٹاون (جیوڈیسک) جنوبی افریقا کی حکمراں جماعت افریقن نیشنل کانگریس نے اپنے ہی منتخب صدر جیکب زوما کو عہدہ چھوڑنے کے لئے 48 گھنٹے کی مہلت دی ہے۔
جیکب زوما کو کرپشن اسکینڈلز، معیشت کی بدحالی اور بے روزگاری میں اضافے جیسے الزامات کا سامنا ہے جس پر اپوزیشن نے قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کیا ہے۔
جیکب زوما 2009 میں مسند اقتدار سنبھالنے کے بعد دو مرتبہ منتخب ہوئے اور آئندہ سال ان کی صدارت کی مدت پوری ہو رہی ہے۔
دوسری جانب حکمراں جماعت کے سربراہ سرل رامافوسا نے صدر زوما کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور 3 گھنٹے تک مذاکرات کے دوران انہیں عہدہ چھوڑنے پر قائل کرنے کی کوشش کی تاہم صدر زوما نے عہدہ چھوڑنے سے صاف انکار کردیا۔
خیال رہے کہ افریقن نیشنل کانگریس کے سربراہ نے ایک ہفتہ قبل صدر جیکب زوما کو عہدہ چھوڑنے کے احکامات جاری کیے تھے تاہم صدر زوما نے پارٹی کی نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی کو کہا کہ انہیں چند ماہ مزید مہلت دی جائے جسے پارٹی رہنماوں نے بھی مسترد کردیا۔
سرکاری ٹی وی ایس اے بی سی کے مطابق حکمراں جماعت کی ایگزیکٹو کمیٹی نے صدر جیکب زوما کو اقتدار سے علیحدہ ہونے کے لئے 48 گھنٹوں کی مہلت دی ہے، ایگزیکٹو کمیٹی کا کہنا ہے کہ اگر صدر نے عہدہ نہ چھوڑا تو ان کے خلاف پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد لائی جائے گی۔