لاہور (جیوڈیسک) جنوبی افریقہ کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کا ون ڈے اسکواڈ ابوظبی روانہ ہو گیا۔ لاہور سے نائب کپتان سمیت 7 کھلاڑی روانہ ہوئے، شاہد آفریدی کراچی سے جائیں گے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے 7 کھلاڑی لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ابوظبی روانہ ہوئے۔ان میں نائب کپتان محمد حفیظ، ناصر جمشید، عمر اکمل، وہاب ریاض، صہیب مقصود اور سرفراز شامل تھے۔
لاہور ایئرپورٹ پر ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی بھرپور تیاری کے ساتھ جارہے ہیں، مورال بلند ہے لیکن کسی بھی حریف کو آسان نہیں سمجھنا چاہیے، جنوبی افریقہ سے ہمیشہ سخت مقابلہ رہا،تاہم دوسرے ٹیسٹ میں پروٹیز کی کامیابی کا ون ڈے میں پریشر نہیں ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ سنا ہے ابوظبی میں آج کل گرمی زیادہ ہے لیکن ہمارے کھلاڑی ایڈجسٹ کر لیں گے اور اس کا ہمیں فائدہ ہی ہوگا۔