ہمبنٹوٹا (جیوڈیسک) جنوبی افریقہ نے سری لنکن سرزمین پر پہلی ون ڈے سیریز اپنے نام کر لی، ڈی کاک اور ڈی ویلیئرز کی شاندار سنچریوں نے ٹیم کو تیسرے میچ میں 82 رنز اور سیریز میں 1- 2 سے فتح دلائی۔
340 رنز کے تعاقب میں میزبان سائیڈ 257 پر آئوٹ ہوئی، آخری 5 وکٹیں 23 رنز کے دوران گریں، انجیلو میتھیوز نے 58 رنز بنائے، ریان میکلرین نے 3 وکٹیں لیں۔
تفصیلات کے مطابق فائنل میچ میں آئی لینڈرز کو 340 کے ہدف کی جانب بڑھنے سے روکنے میں عمران طاہر نے اہم کردار ادا کیا، اگرچہ انھوں نے صرف ایک وکٹ لی مگر 10 نپے تلے اوور میں صرف 29 رنز دیے، میزبان سائیڈ 44.3 اوورز میں 257 رنز پر آئوٹ ہوئی، کپتان انجیلیو میتھیوز نے سب سے زیادہ 58 رنز اسکور کیے۔
کوشل پریرا 37 ، کمارسنگاکارا 36 اور پریانجان 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ریان میکلرین نے 3 جبکہ مورن مورکل اور پال ڈومنی نے 2،2 وکٹیں لیں۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ نے 5 وکٹ پر 339 رنز اسکور کیے۔
گذشتہ دونوں میچز میں سنچریاں اسکور کرنے والے ہاشم آملا نے اس بار 48 رنز بنائے،دوسرے اوپنرکونٹین ڈی کاک نے 128 اور کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز نے 108 رنز اسکور کیے، کیلس صرف 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، مینڈس اور رنگانا ہیراتھ نے 2،2 وکٹیں لیں۔