جنوبی افریقا (اصل میڈیا ڈیسک) جنوبی افریقا کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
ڈیل اسٹین نے کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے ایک پیغام میں کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ دُنیا بھر میں کورونا کی صورتحال اور ڈھلتی عمر کے سبب وہ کرکٹ سے مکمل کنارہ کشی اختیار کررہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر رہی ہیں اور وہ محسوس کرتے ہیں کہ اب کھیل میں اُن کے لیے لطف نہیں رہا اور جب لطف نہیں رہا تو پھر اُن کے لیے کھیلنے کا کوئی فائدہ نہیں۔
ڈیل اسٹین نے کہا کہ اُن کے کیریئر کے دوران جنہوں نے اُن کی مدد کی اور تعاون کیا وہ ان سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں جس میں اُن کی فیملی، ٹیم کے کھلاڑی، اُن کے دوست اور صحافی شامل ہیں۔
اُنہوں نے 125 ون ڈے میچز میں 196 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 47 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 64 شکار کیے— فوٹو: فائل اُنہوں نے 125 ون ڈے میچز میں 196 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 47 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 64 شکار کیے— فوٹو: فائل خیال رہے کہ 38 سالہ ڈیل اسٹین نے 93 ٹیسٹ میچوں میں 439 وکٹیں حاصل کیں جو جنوبی افریقا کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی ہے۔
اُنہوں نے 125 ون ڈے میچز میں 196 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 47 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 64 شکار کیے۔
ڈیل اسٹین نے 2019 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی اور کہا تھا کہ وہ مختصر طرز کی کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں تاہم اب وہ ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے ہیں۔
’اسٹین گن‘ کے نام سے مشہور فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے رواں برس مارچ میں آخری بار پاکستان سپر لیگ کے کراچی میں ہونے والے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کی تھی۔
اپنے عروج کے دور میں ڈیل اسٹین نئی گیند سے ’اوے سوئنگ‘ اور پرانی گیند سے تیز رفتار ریورس سوئنگ کے لیے مشہور تھے۔
وہ چھ برس تک ٹیسٹ کرکٹ میں دنیا کے نمبر ون بولر بھی رہ چکے ہیں۔
ان کی ریٹائرمنٹ پر کرکٹ کے حلقوں کی جانب سے انہیں شاندار خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔