کیپ ٹاﺅن (اصل میڈیا ڈیسک) جنوبی افریقی حکومت کی جانب سے کرکٹ بورڈ کے معاملات اپنے ہاتھ میں لینے کے بعد کرکٹ ٹیم کا انٹرنیشنل اسٹیٹس ایک بار پھر خطرے میں پڑ گیا۔
جنوبی افریقی حکومت نے ایک ماہ کے لیے تمام سرگرمیاں معطل کرتےہوئے کرکٹ بورڈ کے معاملات اپنے ہاتھ میں لے لیے، بورڈ معاملات میں حکومتی دخل اندازی کے باعث جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم پر پابندی لگ سکتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق جنوبی افریقی اسپورٹس کنفیڈریشن اور اولمپک کمیٹی نے کرکٹ بورڈ میں مداخلت کرتے ہوئے یہ قدم اٹھایا ہے جس کے بعد جنوبی افریقن کرکٹ بحران کا شکار ہوگئی ہے۔ انتظامی کمیٹی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بورڈ کے معاملات کو درست کرنے کے لیے انکوائری کے بعد اس کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔
دوسری جانب آئی سی سی قوانین کے مطابق کرکٹ چلانے والے بورڈ کے معاملات میں حکومتی دخل اندزی نہیں کی جاسکتی تاہم اس سے متعلق آئی سی سی کی جانب سے ردعمل آج سامنے آنے کا امکان ہے۔