اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیامیں غربت کے خاتمے اور خوشحالی کیلیے مل کر کوششیں کرنی چاہییں۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں برداشت کا ماحول پیدا کرنا ہے جب کہ خطے میں غربت کے خاتمے اور خوشحالی کیلیے مل کر کوششیں کرنی چاہییں جہاں جنوبی ایشیا کے تمام ممالک کو مل کر ویژن 2025 پر کام کرنا چاہیے۔
پاکستان اور بھارت خطے کے اہم ممالک ہیں جہاں دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کی ملاقات کے بعد برف پگھلنا شروع ہوئی ہے، خطے میں امن دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات پرہی منحصر ہے جب کہ خطے میں محفوظ ماحول کو فروغ دینا ہوگا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی کا کہنا تھا کہ ہماری کوششوں سے ملک میں غربت میں تھوڑی کمی واقع ہوئی ہے، ہماری حکومت نے کسانوں کو تاریخ کا سب سے بڑا پیکیج دیا ہے جب کہ بلوچستان، فاٹا اور گوادر کو بھی خصوصی پیکیج دیا گیا ہے۔