سیئول (جیوڈیسک) جنوبی کوریا اور شمالی کوریا کے سربراہان نے خطے کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا کے وزیراعظم کم جونگ ان اور جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان کے درمیان ملاقات کے دوسرے مرحلے میں ایٹمی ہتھیاروں کے خاتمے اور اعلیٰ سطح کے عسکری مذاکرات پر اتفاق کرلیا گیا ہے جب کے جنوبی کوریا کے صدر رواں سال شمالی کوریا کا دورہ بھی کریں گے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان مذاکرات میں شمالی اورجنوبی کوریا کی جنگ کے باعث علیحدہ ہونیوالےخاندانوں کوملانے کے لیے اقدامات کی ضرورت پر زور بھی دیا ہے۔
اس سے قبل شمالی کوریا کے وزیراعظم کم جونگ ان مختصر دورے پر جنوبی کوریا کے سرحدی شہر پنمن جم پہنچے تھے جہاں دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان 65 سال بعد پہلی بار ملاقات ہوئی۔ جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان نے شمالی کوریا کے وزیراعظم کا پُر تپاک استقبال کیا۔ ایک دوسرے کے خلاف جنگ مسلط کرنے کے دعوی کرنے والے دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔
کم جونگ ان کو شاندار روایتی انداز میں سلامی دی گئی جب کہ دونوں ممالک کے ترانے بھی بجائے گئے اس سے قبل کم جونگ ان نے ’پیس ہاؤس‘ میں کتاب پر تاثرات درج کرتے ہوئے تحریر کیا کہ نئی تاریخ کا آغاز ہو گیا اور امن کا دور آ گیا ہے۔
واضح رہے کہ کم جونگ ان 1953 کی کورین جنگ کے اختتام کے بعد جنوبی کوریا کی سرحد پار کرنے والے شمالی کوریا کے پہلے سربراہ بن گئے ہیں۔ اسی طرح شمالی کوریا کے سربراہ امریکی صدر سے ملاقات کے لیے رواں سال جون میں امریکا بھی جائیں گے۔ امریکا سمیت کئی ممالک نے دونوں کورین ممالک کے درمیان مذاکرات کو خوش آئند قرار دیا ہے۔