لاہور (جیوڈیسک) لاہور ملک کے میدانی علاقوں میں آگ برساتے سورج نے عوام کو عذاب میں مبتلا کر دیا ،لو چلنے سے سڑکیں سنسان ہیں۔ اندرون سندھ،بلوچستان کے بعض علاقے اور جنوبی پنجاب شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ آج سب سے زیادہ گرمی دادو میں پڑی جہاں درجہ حرارت اڑتالیس سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا،لاڑکانہ،سکھر،جیکب آباد اور بہاولنگر میں چھیالیس سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سبی، موہنجوداڑو اور روہڑی میں پینتالیس،رحیم یار خان اور بینظر آباد میں چالیس درجے کی گرمی پڑی۔صبح کے وقت چلنے والی ہوا کے بعد لاہور میں گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ہوئی اورشہر کا درجہ حرارت چالیس سینٹی گریڈ رہا۔فیصل آباد اور ملتان کا ٹمپریچر بھی چالیس سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔آج رات راولپنڈی، اسلام آباد، مالا کنڈ، گلگت بلتستان، گوجرانوالہ، سرگودھا اور آزاد کشمیر میں گرد آلود ہواں کے ساتھ ساتھ ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔