ملتان (جیوڈیسک) میپکو ریجن میں بجلی کا شارٹ فال 1955 میگا واٹ تک پہنچنے سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ، شہری علاقوں میں 10 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 16 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
جنوبی پنجاب کے تیرہ اضلاع میں بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث میپکو صارفین سحر و افطار اور تروایح کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ ہونے شدید ذہنی اذیت سے دوچار ہیں۔
ملتان ، لودھراں ، خانیوال ، مظفر گڑھ ، ڈی جی خان ، ساہیوال سمیت میپکو کے تیرہ اضلاع میں بجلی کی کل طلب 3830 میگا واٹ ہے جبکہ میپکو کی جانب سے 1875 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے جس سے شارٹ فال 1955 میگا واٹ ہے جنوبی پنجاب کے شہری علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 سے بڑھ کر 12 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 14 سے بڑھ کر 16 گھنٹے تک ہو گیا۔
جبکہ وولٹیج میں کمی اور ٹرانسفارمر خراب ہونے سے شہریوں کی پریشانی مزید بڑھ گئی ہے ۔ تاہم میپکو حکام نے لوڈ شیڈنگ کا سارا ملبہ لائنز کی کمزوری اور پرانے ٹرانسفارمر پر ڈال دیا ہے۔