لاہور : امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر نے حکمرانوں کی جانب سے جنوبی پنجاب کے عوام کو مسلسل نظر انداز کرنے کی پالیسی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اپنے تمام ترقیاتی بجٹ کا رخ صرف ایک مخصوص شہر کی طرف موڑ کر پنجاب کو خوشحال بنانے کے دعوے کر رہی ہے۔
جنوبی پنجاب کے اکثر علاقے ہنوز ترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے ہیں اور وہاں تعلیم وصحت کے ساتھ ساتھ بنیادی ضروریات زندگی تک میسر نہیں۔
اگر ان علاقوں میں ترقیاتی کام اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہنگامی بنیادوں پر جاری رکھی جائیں تو وہاں کے باسیوں کی زندگی بھی آسان ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ درحقیقت جنوبی پنجاب کے عوام کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔جاگیردار،وڈیرے اور سرمایہ داروںنے عوام کویرغمال بنایا ہوا ہے۔یہی وجہ ہے کہ آئے روزکوئی نہ کوئی ایساواقعہ رونما ہوتا رہتا ہے جس سے دور جاہلیت کی یاد تازہ ہو جاتی ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران سنجیدگی کامظاہرہ کرتے ہوئے وسائل کی تقسیم منصفانہ انداز میں کریں۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہا کہ مسلم لیگ(ن)وسائل کی منصفانہ تقسیم کے حوالے سے جنوبی پنجاب کے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرے۔
یہ ان کا آئینی وقانونی حق ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے کسانوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔فصلوں کے بہترین ریٹ ادا کئے جائیں۔غیرمعیاری کھاد اور کیڑے مارادویات نے فی ایکڑپیداوار پر نمایاں اثر ڈالا ہے حکومت چند رپوں کی خاطر ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف تادیبی کاروائی جلد عمل میں لائے۔