راولپنڈی (جیوڈیسک) قبائلی علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کی تحصیل لدھا کے علاقے پیر غار میں دوپہر دو بجے سرچ آپریشن کیا۔
سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں نو دہشتگرد مارے گئے۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں چار اہلکار بھی شہید ہو گئے جبکہ چار زخمی ہو گئے۔
قبائلی علاقوں کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کیلئے سیکورٹی فورسز کی طرف سے جاری آپریشن ضرب عضب اور آپریشن خیبر کے دوران سیکڑوں دہشتگرد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں متعدد غیرملکی بھی شامل ہیں۔