اسلام آباد (جیوڈیسک) جنوبی وزیرستان میں ڈرون حملے پر پاکستان نے امریکا سے احتجاج کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کر رہا ہے لہٰذا ڈرون حملے غیر ضروری ہیں۔
جنوبی وزیرستان کی تحصیل برمل کے علاقے اعظم ورسک میں جاسوس طیاروں کے حملہ میں 3افراد ہلاک اور 4شدید زخمی ہو گئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں دو غیر ملکی باشندے شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق جاسوس طیاروں سے ایک مکان پر دو میزائل داغے گئے۔ جس کی وجہ سے تین افراد موقع پر ہلاک اور چار شدید زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو مقامی نجی کلینک میں پہنچایاگیا جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دو عرب اور ایک مقامی باشندہ بتایاجاتا ہے۔ میزائل حملے سے مکان کا ایک حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ حملے کے بعد بھی جاسوس طیارے کافی دیر تک فضا میں موجود رہے، جس کی وجہ سے لوگوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا۔