اسپین : بیلوں کی دوڑ میں امریکی سمیت تین افراد شدید زخمی

Spain Bulls Race

Spain Bulls Race

بارسلونا (جیوڈیسک) اسپین کے صوبے سلامنکا کے شہر ’’سیویداد ررودیگز‘‘ میں جاری کارنیوال میں بُل دوڑ میں ایک امریکی سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق زخمیوں میں شامل 20سالہ امریکی نوجوان کی حالت تشویش ناک ہے، جس کی بائیں ران پر 40سینٹی میٹر گہرا زخم آیا ہے۔ ہسپتال میں زیر علاج زخمی نوجوان کی سرجری کر دی گئی ہے۔

زخمی امریکی نوجوان طالبعلم ہے اور خصوصی طور پر امریکا سے اسپین بیلوں کی دوڑ میں شرکت کے لئے آیا تھا دوسرے نوجوان کا تعلق سلامانکا سے ہی ہے اور اس کو بھی شدید نوعیت کے زخم آئے ہیں اور اس کی حا لت بھی تشویش ناک ہے، اس کی ران اور گھٹنے پر چوٹیں آئی ہیں۔

تیسرے 46سالہ زخمی کا تعلق اسکاٹ لینڈ سے ہے اور یہ بھی سپین کے اس تہوار کو دیکھنے کے لئے دوستوں کے ہمراہ ا سپین کے شہر سیویداد رودریگز آیا تھا اس کے سر میں شدید قسم کی ضربیں لگی ہیں۔

واضح رہے کہ بیلوں کی اس دوڑ کو دیکھنے دنیا بھر سے شائقین اسپین آتے ہیں اور بیلوں کے آگے بھاگتے ہیں، مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جس شخص کو دوڑتے ہوئے ’’بیلوں ‘‘ سے چوٹ لگ جائے وہ شیطانی طاقتوں سے ہمیشہ کے لئے محفوظ ہو جاتا ہے۔