اسپین میں غیر قانونی داخلے کی کوشش، طبیعت ناساز بتا کر جہاز ہی اتروا لیا

Airport

Airport

اسپین (اصل میڈیا ڈیسک) مراکش سے ترکی جانے والی ایک پرواز کو ایک طبی ایمرجنسی کی بنیاد پر ہسپانوی جزیرے مایورکا کے ہوائی اڈے پر میں اتروا لیا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے بعد یہ معاملہ غیر قانونی طور پر اسپین میں داخلے کی کوشش دکھائی دیتا ہے۔

ہسپانوی جزیرے پالما مایورکا کے ہوائی اڈے پر ہفتہ چھ نومبر کو ایک عجیب و غریب واقعہ اس وقت پیش آیا، جب ایک طبی ایمرجنسی کی وجہ سے ایک پرواز نے ہنگامی بنیادوں پر لینڈنگ کی۔ مذکورہ طیارہ مراکش کے شہر دار البیضا سے ترک شہر استنبول کی جانب گامزن تھا۔ ایئر عربیہ موروک کے اس طیارے پر ایک مسافر نے طبیعت خراب ہونے کا کہا، جس پر طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑ گئی۔

پالما، مایورکا کا رقبہ 208.63 مربع کلومیٹر ہے اور اس کی مجموعی آبادی 401,270 افراد پر مشتمل ہے اور 13 میٹر سطح سمندر سے بلندی پر واقع ہے۔ یہ جزیرہ سیاحت کے لیے بے انتہا مقبول ہے اور یہ ہی وجہ ہے کہ اس کا ہوائی اڈا ملک کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے۔

مقامی پولیس نے بتایا کہ جس وقت لینڈنگ کے بعد طیارے سے بیمار مسافر کو منتقل کیا جا رہا تھا، اس وقت تقریبا بیس دیگر مسافروں نے طیارے سے نکل کر فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس نے بعد ازاں دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ تفتیش کار اب اس واقعے کی بالکل ہی مختلف سمت میں تفتیش کر رہے ہیں۔ انہیں شبہ ہے کہ طبیعت ناساز ہونے کا صرف بہانہ تھا تاکہ چند لوگ غیر قانونی طور پر اسپین میں داخل ہو سکیں۔

جس مسافر نے طبیعت خراب ہونے کا کہا تھا، اسے ہسپتال لے جایا گیا اور ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اسے مکمل طور پر صحت مند بتایا۔ حکام نے مذکورہ شخص کو غیر قانونی مہاجرت کے الزامات کے تحت گرفتار کر لیا ہے۔ ایک اور مسافر جو مبینہ طور پر بیمار مسافر کے ساتھ ہسپتال گیا تھا، فرار ہونے میں کامیاب رہا ور حکام کو اس کی تلاش ہے۔

اس واقعے کے بعد مایورکا کے ایئر پورٹ پر کچھ دیر کے لیے سرگرمیاں معطل رہیں۔ تیرہ پروازوں کو لینڈنگ کے لیے کہیں اور منتقل کر دیا گیا جب کہ سولہ پروازیں، جنہیں مایورکا سے اڑنا تھا، کافی تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ ایئر پورٹ جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب دوبارہ فعال ہو گیا۔