بارسلونا (جیوڈیسک) اسپین میں مقیم تارکین وطن کو ہسپانوی شہریت کی درخواست دینے کے لئے تحریری امتحان پاس کرنا ہوگا، امتحان میں کامیابی پر ملنے والا سرٹیفیکیٹ شہریت کی درخواست کے ساتھ لف کیا جائے گا، شہریت کی درخواست دینے اور امتحان کی تیاری کیلئے ایک کتاب ترتیب دی گئی ہے جو رواں سال دسمبر یا جنوری 2015 تک مارکیٹ میں دستیاب ہوگی۔ سپانش زبان میں ترتیب دی جانے والی اس کتاب میں اسپین کی تاریخ، اقتصادی حالات، بادشاہت اور حکومتوں کے بارے میں معلوماتی سوال و جواب تحریر ہونگے۔ بغیر فیس کے دی جانے والی ہسپانوی شہریت کی درخواستوں کے ساتھ اب 75 یورو ادا کرنیکا قانون بھی بنایا گیا ہے۔
ان نئے قوانین کے حوالے سے ہسپانوی وزارت انصاف کے حکام کے ساتھ پاک فیڈریشن اسپین کے جنرل سیکرٹری طاہر رفیع نے رابطہ کیا تاکہ اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی تک ان معلومات کو پہنچایا جا سکے۔ وزارت انصاف اسپین کے حکام نے پاکستانی نمائندے کو بتایا کہ جب تک اسپین کے بارے میں معلوماتی تحریری امتحان پاس نہیں کیا جائے گا تب تک کوئی بھی تارک وطن ہسپانوی شہریت کی درخواست نہیں دے سکے گا۔
تحریری امتحان کے لئے بنائی جانے والی کتاب کے حقوق ایک ملٹی نیشنل کمپنی کو دیئے جا رہے ہیں اور وہی کمپنی تحریری امتحان لے گی، اس امتحان کی فیس علیحدہ سے وصول کی جائے گی ۔وزارت انصاف کے حکام نے مزید کہا کہ جو درخواست گزار تحریری امتحان پاس کرکے کامیابی کا سرٹیفیکیٹ حاصل کر لے گا وہ ہی شہریت کے حوالے سے اپنی فائل جمع کرا سکے گا۔ وزارت انصاف نے بتایا کہ شہریت کی درخواستوں پر لگنے والا لمبا ٹائم بھی کم کیا جا رہا ہے جس کے لئے تحریری امتحان پاس کا سرٹیفیکیٹ اور دوسرے تمام کاغذات درخواست گزار وزارت انصاف کو از خود ارسال کر سکے گا اس سے تارک وطن اور وزارت انصاف براہ راست رابطے میں رہیں گے۔
واضح رہے کہ اسپین میں پاکستانیوں کی کل تعداد تقریباً ایک لاکھ ہے جن میں سے 70فیصد پاکستانی اپنے اہل خانہ کے ساتھ سب سے بڑے صوبے کاتالونیا کے دارلحکومت بارسلونا اور اس کے گرد و نواح میں آباد ہیں۔ کاتالونیا میں ڈومیسائل کے حامل یعنی لیگل پاکستانیوں کی تعداد 46,295 ہے۔ 21016 پاکستانی بارسلونا سٹی میں مقیم ہیں جن میں بادالونا 6381،اوسپتالیت دے یوبریگات میں 4220 ، سانتا کلوما دے گرامانیت میں 2320 ، طرطوسہ میں 693 ، تاراگونا میں 581، سابادل میں 527 ،سانت ادریا دے بیسوس میں 514 ، سلائو میں 478، کورنیا دے یوبریگات میں 467 ، مونت کادا میں 399 ، سانت بوئی دے یوبریگات میں 325، کاستادے فیل میں 318، امپوستا میں 316، سانت غوگات دے بائیس میں 5104 پاکستانی آباد ہیں ،جن پاکستانیوں کا بلدیہ میں اندراج نہیں اگر ان کو شامل کیا جائے تو یہ تعداد ڈبل ہو جائیگی۔بارسلونا اور اس کے گرد و نواح کے بعد اسپین کے دوسرے شہروں جن میںولنسیا ،میڈریڈ ،لگرونیو ، علی کانتے ، مالاگاہ ، تراسا ، مانریسا شامل ہیںمیں پاکستانی آباد ہیں۔