میدرڈ(جیوڈیسک)سپین میں مزدوروں کا عالمی دن بیروزگاروں کا دن بن گیا۔دنیا بھر کی طرح اسپین میں بھی مزدوروں کا عالمی دن منایا گیا۔لیکن اس روز نکالی جانے والی ریلیاں اور جلوسوں کا موضوع اسپین میں جاری معاشی بد حالی کی وجہ سے بیروز گاری ، ملازمتوں سے چھٹی اور حکومت کے بے رحمانہ بچت اقدامات بنے رہے۔
شرکا نے ریلیوں اور جلوسوں میں حکومت کے ان تمام اقدامات کی مذمت کی جن کے باعث ملک میں بیروزگاری میں اضافہ جاری ہے۔سپین کی بہت سی مزدور یونیز نے بھی موقف اختیار کیا ہے کہ حکومت بیروز گاری پر قابو پانے کی بجائے اس میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔سب سے بڑے جلوس اور ریلیاں سپین کے دارالحکومت میڈرڈ اور بارسلونا میں نکلے۔
مزدوروں کے عالمی دن کے حوالے سے نکالی گئی ریلیوں اور جلوسوں میں پاکستانی کمیونٹی کی تنظیموں نے بھی بھر پور شرکت کی۔ان ریلیوں میں پاکستانی خواتین کی فلاح و بہبود کی تنظیم آسے سوپ ،پاکستانی مزدوروں کی ایسوسی ایشن ورکرز یونین اور بہت سے پاکستانیوں نے انفرادی طور پر شرکت کی۔