بارسلونا (جیوڈیسک) اسپین کے شہر بارسلونا میں ’’موبائل ورلڈ کانگریس 2016 ‘‘ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا بارسلونا میں 25 فروری تک جاری رہنے والے اس ایونٹ میں جدید اور نت نئی مصنوعات نمائش کے لئے رکھی گئی ہیں ۔اس برس کانگریس کا موٹو ہے۔۔’ موبائل سب کچھ ہے ‘
موبائل ٹیکنالوجی نے اتنی ترقی کر لی ہے کہ اب شاید انسان اس سے جدا ہونے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا ۔ادھر روائتی موبائل فون استعمال کرنے والے صارفین کے رجحانات بھی بدلتے جا رہے ہیں ۔اسمارٹ فونز کی بہتات کی وجہ سے مختلف کمپنیوں میں مقابلے کی ایک نئی فضا بھی پیدا ہو چکی ہے۔
صارفین اب اسمارٹ ڈوائسز کو فون کرنے کی بجائے گیمز اور دیگر مقاصد کے لئے زیادہ استعمال کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مختلف کمپنیاں اب نئی نئی اختراعات کا سہارا لے رہی ہیں۔
اس صورتحال میں بارسلونا میں ہونیوالی ’جی ایس ایم اے موبائل ورلڈ کانگریس ‘ کا مقصد موبائل انڈسٹری میں ہونے والی ترقی اور جدت کے علاوہ صارفین کی بدلتی ہوئی ضروریات اور نئے مواقع کے تناظر میں اس ٹیکنالوجی کا جائزہ لینا ہے۔ کانگریس میں نہ صرف نت نئی مصنوعات متعارف کرائی جارہی ہیں بلکہ مختلف کمپنیوں کے نمائندے موبائل صنعت میں مزید ترقی اور شراکت داری کے لئے ملاقاتیں بھی کرتے ہیں۔