اسپین (اصل میڈیا ڈیسک) افریقی عرب ملک مراکش کے وزیر ٹرانسپورٹ اور اسپین کی خاتون اول کرونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق مراکش کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ عبدالقادر اعمارہ کا کرونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہیں ایک اسپتال میں الگ کر دیا گیا ہے۔ مراکش میں اب تک کرونا کے کیسز کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔
مراکشی وزارت ٹرانسپورٹ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر ٹرانسپورٹ ایک یورپی ملک کے سرکاری دورے پرتھے۔ واپسی پر وہ بہت زیاہ تھکن اور سر میں شدید تکلیف محسوس کررہے تھے۔ انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ادھر مراکش میں گذشتہ روز کرونا وائرس کے مزید 9 کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد مراکش میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔
درایں اثناء اسپین کے وزیراعظم بیڈرو شانشیز کی اہلیہ بیگونیا گومیز کرونا وائرس کا شکار ہوگئی ہیں جس کے بعد انہیں قرنطینہ منتقل کیا گیا ہے۔
اسپانوی وزیراعظم ہائوس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ خاتون اول گومیز کو حال ہی میں طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان میں کرونا وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔
اسپین میں جمعہ کے روز کرونا وائرس کے 1500 کیسز سامنے آئے تھے۔ اسپین اٹلی کے بعد یورپ کا کرونا سے متاثر ہونے ولا دوسرا بڑا ملک ہے۔ مجموعی طورپر اسپین میں اب تک کرونا کے 5700 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں 183 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔