بارسلونا (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے 47 ویں یوم تاسیس کی شاندار تقریب پی پی پی کے مرکزی سیکرٹریٹ آفس بارسلونا میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام سے ہوا جس کی سعادت حق نواز نے حاصل کی۔ پیپلز پارٹی سپین کے چیف آرگنائزر حافظ عبدالرزاق صادق کی زیر صدارت منعقد کی جانے والی اس تقریب میں پارٹی کے عہدیداران اور ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سپین کے چیئر مین امجد فاروق تارڑ ،وائس چیئر مین سجاد انور ، جنرل سیکرٹری چوہدری ساجد گوندل ، سماجی شخصیت راجہ ضیا صدیق ، پی وائی او بارسلونا کے صدرچوہدری طارق جمال گجر اورپیپلز پارٹی کاتالونیا کے صدر چوہدری لہراسب رضا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی جمہوریت اور پاکستان کی سا لمیت کے لئے دی جانے والی جانی اور مالی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
مقررین نے کہا کہ پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ غریب عوام کے حقوق کی بات کی ہے ۔مقررین نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے دور اقتدار میں غریبوں کے حقوق کی بحالی کے اقدامات کئے گئے کچی آبادی کے مکینوں کو مستقل کیا گیا، زرعی اصلاحات نافذ کی گئیں، طلبا کے لئے تعلیمی اور ٹرانسپورٹ کے کرایہ کی سہولت فراہم کی گئی۔ مزدوروں کو کارخانوں کی ملکیت میں حصہ دار بنایا۔
لاکھوں بیروزگاروں کو ملک سے باہر بھیجا، ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی، اسلامی سربراہی کانفرنس اور سیرت کانفرنس کا انعقاد، پاکستان کو پہلا متفقہ آئین دیا اور خارجی پالیسی میں لاتعداد کامیابیاں، شناختی کارڈ کا اجرا، محنت کش طبقے کو زبان دینا اور غریب طبقے کو پاکستان کی سیاست میں اہم مقام دیکر انکے اندر ذہنی انقلاب پیدا کیا۔
پیپلز پارٹی کے ساڑھے پانچ سالہ دور اقتدار میں قائد عوام کی پالیسیوں نے دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیااور یہی تبدیلی بڑی طاقتوں کو کھٹکنے لگی جس کی پاداش میں جمہوریت کا گلہ گھونٹ کر آمریت کو برسر اقتدار لایا گیا ۔تقریب کے اختتام پرپیپلز پارٹی کے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی۔