بارسلونا (جیوڈیسک) اسپین کے صوبے سبیحیہ کے شہر پیلاس میں ایک خاتون کو اپنے دو بچوں کو مار کر انکی نعشیں فریزر میں رکھنے کے جرم میں چالیس قید کا سامنا ہو سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق سبیحیہ کی ایک37 سالہ سارہ لوپز ہیرنینڈس پر الزام ہے کہ اس نے اپنے نومولود 2 بچوں کو گلہ گھونٹ کر ماردیا اور انکی نعشیں ڈیپ فریزر میں رکھ دِیں۔ پہلا بچہ 2005 اور دوسرا 2008 میں پیدا ہواتھا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ یہ خاتون دونوں بچوں کو روزانہ دیکھتی تھی کیو نکہ اس نے اسی فریزر میں اپنی خوراک بھی محفوظ رکھی ہوتی تھی۔ دوران تفتیش یہ بھی انکشاف ہوا کہ ملزمہ نے اپنے خاوند کو دومرتبہ ہونیوالے حمل اور بعدازاں زچگی سے بے خبر رکھا۔ ملزمہ سارہ سے جب پوچھا گیا کہ اس نے بچوں کو فریزر میں کیوں رکھا تو اس کا کہنا تھا کہ اسے نہیں پتہ تھا کہ وہ بچوں کی لاشوں کو کیسے ٹھکانے لگائے۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اس خاتون سے مزید دو بچے بھی ہیں جن کی عمریں بالترتیب گیارہ اور چودہ سال ہیں۔
دوسری جانب پولیس اس بات کو ماننے سے انکاری ہے کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ ایک خاتون دومرتبہ اپنے حمل کو اپنے خاوند سے چھپالے۔ ماہرین نفسیات کا بھی کہنا ہے کہ ملزمہ کسی طور سے ذہنی مریضہ نہیں لگتی۔ قانونی ماہرین کی رائے ہے کہ ملزمہ کو دوبچوں کو مارنے اور انکی نعشیں سالوں فریزر میں رکھنے پر چالیس سال کی جیل ہو سکتی ہے۔