سپین (جیوڈیسک) اسپینش فٹبال لیگ میں کھیلے گئے میچ میں بارسلونا نے سیویلا کو ایک کے مقابلے میں دو گولز سے ہرا دیا ہے۔ اسپینش لیگ کے میچ میں بارسلونا کی ٹیم کا مقابلہ سیویلا کیساتھ ہوا۔
سیویلا نے میسی کی ٹیم بارسلونا کے خلاف اچھی پرفارمنس دکھائی اور 15 ویں منٹ میں گول داغ کر برتری حاصل کرلی۔ بارسلونا پہلے ہاف میں اسٹار فٹبالر میسی نے اپنے تجربے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بہترین گول کی مدد سے مقابلہ ایک ایک سے برابر کر دیا۔
اس کے بعد 60ویں منٹ میں لوئس سواریز نے بھی گیند کو جال کا راستہ دکھا کر بارسلونا کو دو ایک سے برتری دلوا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
ارجنٹینا اور ہسپانوی کلب بارسلونا کے عالمی شہرت یافتہ سپر اسٹار لیونل میسی نے اپنی ٹیم کو سیویلا کے خلاف فتح سے ہمکنار کرانے کے ساتھ ساتھ بارسلونا کیلئے 500 واں گول اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
29سالہ فٹبالر نے کلب کیلئے 592 ویں میچ میں 500 واں گول کرنے کا اعزاز حاصل کیا اور وہ سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑی ہیں۔
میسی اب تک لالیگا میں بارسلونا کیلئے320 گول اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ چیمپیئنز لیگ میں بھی90 گول اسکور کر چکے ہیں۔ بقیہ گول انہوں نے اسپینش کپ، یوئیفا کپ اور فیفا کلب ورلڈ کپ میں اسکور کیے ہیں۔
اسپینش لیگ میں کھیلے گئے بقیہ میچز میں ولارریال نے ریال بیٹس کو 0کے مقابلے میں 2گول سے شکست دی ہے۔ لیگانیز کو ریال میڈرڈ کے ہاتھوں بد ترین شکست ہوئی ہے۔
ریال میڈرڈ نے 3 گول کئے جبکہ لیگا نیز کوئی بھی گول نہ کر سکی۔ سیلٹا ویگو کو ویلینشیا پر سبقت حاصل ہوئی۔ ویلینشیا 1گول کر سکی جبکہ سیلٹا ویگو نے دو گول کیے۔ لاس پالماس نے ایبار کو 0 کے مقابلے میں 1 گول سے شکست دی ہے۔