اسپارک کے زیر اہتمام سانحہ شہداء پشاور کی یاد میں اور بچوں کے تحفظ کے لئے واک کا اہتمام

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بچوں کے تحفظ اور حقوق کے لئے سرگرداں تنظیم اسپارک کے زیر اہتمام چائلڈ رائٹ کلب کے طلباء و طالبات نے سانحہ پشاور کے طلبہ کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بچوں کے تحفظ کے لئے پیس واک کا انعقاد کیا جس میں تعمیر ملت اسکول ضیاء کالونی گلشن اقبال اور مقبول عام گرلز اسکول ضیاء کالونی گلشن اقبال کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا واک میں موجود طلباو طالبات نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اُٹھائے رکھے تھے جن پر دہشت گردی کی مذمت ،سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے طلبہ کو خراج عقیدت اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کی فراہمی کے حوالے سے مطالبات درج تھے واک میں شریک طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے اسپارک کی پروجیکٹ آفیسر شمائلہ مزمل نے کہاکہ بچے معاشرے میں پھول کا درجہ رکھتے ہیں

سانحہ پشاور کو دہشت گردوں کی شکست قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آرمی پبلک اسکول کے طلبہ نے اپنے خون کا نذرانہ دیکر قوم کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کردیا ہے شمائلہ مزمل نے دعاء کی اللہ تعالیٰ معصوم طلبہ کو جنت الفردوس میں جگہ اور اُن کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے واک میں طلبہ و طالبات نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے آرمی پبلک اسکول کے بچوں کو خراج عقیدت پیش کیا اس موقع پر طلباء و طالبات نے پاک افواج سے اظہار یکجہتی ،دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے اور بچوں کے حقوق کے حوالے سے ٹیبلو پیش کئے۔

SPARC

SPARC