اسلام آباد (جیوڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی نے وزرا کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وزیراعظم کو معاملے سے آگاہ کیا جائے، شیخ آفتاب کا کہنا ہے کہ پہلے بھی واضح ہدایات دی تھیں، افسوس ہے کہ وزرا نہیں ہیں، وہ وزیراعظم سے بات کریں گے۔ وزرا کی عدم موجودگی کے باعث وقفہ سوالات موخر کر دیا گیا۔ اسپیکر ایاز صادق کی صدارت میں قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے ، ایوان میں وزرا کے نہ آنے پر اسپیکر نے شیخ آفتاب کو ہدایت کی کہ وہ وزیراعظم سے اس معاملے پر بات کریں۔
اس سے قبل وزیرداخلہ چودھری نثار کی جانب سے ایوان کو تحریری طورپر بتایا گیا کہ گزشتہ تین سال کے دوران 12 ہزار 145 دہشتگرد گرفتار ہوئے، صوبوں سے تفصیلات لی جا رہی ہیں کہ کتنے دہشت گردوں کو سزا ملی اور کتنے رہا ہوئے، گزشتہ 5 سالوں میں وزیراعظم نے 67 ہزار 522 ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس جاری کیے۔
سابق وزیر داخلہ اور سیکرٹری داخلہ نے 11 لاکھ 9 ہزار 667 غیر ممنوعہ لائسنس کی منظوری دی ، وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے تحریری طور پر بتایا کہ جی ایس ٹی میں ایک فیصد اضافے سے جون میں 1.46 ارب روپے جمع کر لیے، اتصالات نے ابھی تک 80 کروڑ ڈالر ادا نہیں کیے جس وجہ سے انہیں پی ٹی سی ایل پراپرٹی ٹرانسفر نہیں کی، گزشتہ دو سالوں میں حکومت نے 2 ارب 57 کروڑ ڈالر کا قرض لیا۔