اسلام آباد (جیوڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعظم کی نااہلی کیخلاف شیخ رشید کا ریفرنس ناکافی ثبوت کی بنیاد پر مسترد کر دیا ہے ۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو ریفرنس مسترد کیے جانے سے متعلق تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے ۔ اسپیکر سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کیلئے دائر کیے گئے ریفرنس کے ساتھ ثبوت ناکافی ہیں۔
فراہم کیے گئے ثبوتوں کی بنیاد پر وزیراعظم کو نا اہل قرار نہیں دیا جا سکتا ۔ سردار ایاز صادق نے واضح کیا ہے کہ شیخ رشید کا ریفرنس الیکشن کمیشن کو نہیں بھجوایا جائے گا۔ شیخ رشید نے پاناما لیکس پر وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کیلئے ایک سو باسٹھ صفحات پر مشتمل ریفرنس سولہ اگست کو جمع کرایا تھا۔