اسلام آباد (جیوڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے مستعفی ارکان کو استعفوں کی تصدیق کے لیے طلب کرلیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے تحریک انصاف کے مستعفی ہونے والے ارکان کو استعفوں کی تصدیق کے لیے کل طلب کرلیا ہے، اسپیکر کی جانب سے استعفوں کی تصدیق کے پہلے مرحلے میں 6 ارکان کو خط لکھا گیا ہے جن میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، عارف علوی، شیریں مزاری، منزہ علی اور محمد علی شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مفاہمت کی امید میں استعفوں کی منظوری کو روک رکھا تھا تاہم اب تحریک انصاف کے استعفے منظور کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جسے اس ہفتے مکمل کرلیا جائے گا۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے اراکین نے چیرمین عمران خان کی ہدایت پر استعفے دیئے تھے جنہیں وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے 26 اگست کو اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرایا تھا تاہم حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے باعث استعفوں کی منظوری کا عمل تعطل کا شکار تھا۔