پنجاب (جیوڈیسک) اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے استعفوں کی تصدیق کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے چار اراکین اسمبلی کو انتیس ستمبر کو طلب کر لیا ہے۔
پنجاب اسمبلی ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے تیس میں سے انتیس اراکین اسمبلی نے اپنے استعفے ستائیس اگست کو جمع کرا دیئے تھے۔جبکہ نگہت انتصار بھٹی نے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے تا حال اپنا استعفیٰ جمع نہیں کرایا۔
اسپیکر رانا محمد اقبال نے چار اراکین اسمبلی کو انتیس ستمبر کو اسمبلی چیمبر میں طلب کیا ہے۔وحید اصغر ڈوگر، نبیلہ حاکم علی خان، راجہ راشد حفیظ اور تیمور مسعود کو طلب کیا گیا ہے۔
اسمبلی ذرائع کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل چونسٹھ کے تحت کوئی بھی رکن اسمبلی خود پیش ہو کر اپنا استعفی اسپیکر کو پیش کرنے کا پابند ہے۔ لہذا قوائد و ضوابط پر عمل داری کو یقینی بنانے کے لئے استعفے جمع کرانے والے اراکین کو مختلف اوقات میں استعفوں کی تصدیق کے لئے بلایا جائے گا۔