اسپیکر کا انتخاب: عمران خان ووٹ ڈالنے کیلئے شناختی کارڈ لانا بھول گئے

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف اور متوقع وزیراعظم عمران خان اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالنے پہنچے تو ان کے پاس شناختی کارڈ موجود نہیں تھا جس پر انہیں پولنگ ایجنٹ کی رضامندی سے ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی تاہم اس پر پیپلز پارٹی کے رکن قادر پٹیل کی جانب سے اعتراض اٹھایا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کے چناو کے عمل کے دوران عمران خان اپنی باری پر ووٹ ڈالنے کے لیے پہلے پولنگ ایجنٹ کے پاس پہنچے جہاں شناختی کارڈ دکھانا تھا تاہم انہوں نے شناختی کارڈ کی تلاش کے لیے اپنے کوٹ میں ہاتھ ڈالا اور شناختی کارڈ موجود نہ ہونے پر انہوں نے اسپیکر کی جانب سے اشارہ کیا۔

اس موقع پر اسپیکر نے اسپیشل کیس قرار دیتے ہوئے عمران خان کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دی جس کے بعد انہوں نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

عمران خان کو اجازت دیے جانے پر پیپلز پارٹی کے رکن قادر پٹیل نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ ‘میرا شناختی کارڈ نہیں تھا، جس پر اسٹاف نےکہا کہ کارڈ لے آئیں یا دوبارہ اسمبلی کارڈ بنوا کر لائیں، جبکہ عمران خان نیازی کے پاس کارڈ نہیں تھا، لیکن انہیں اجازت دی گئی’۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘تمام ارکان برابر ہیں، سب سے یکساں سلوک ہونا چاہیے’ جس پر اسپیکر ایاز صادق نے قادر پٹیل سے کہا کہ ‘اگر آپ بھی پوچھ لیتے تو میں آپ کو بھی اجازت دے دیتا، میرے لیے تمام ارکان برابر ہیں’۔