کراچی (جیوڈیسک) اسپیکر سندھ اسمبلی نے پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کے ارکان کے اعزاز میں دعوت شیراز دی۔ سندھ اسمبلی کا ایوان قورمے، بریانی، بھنی مچھلی اور سیخ کباب کی خوشبو سے مہک اٹھا۔
کھانوں کی خوشبو پر سوال کا جواب منظور وسان نے دیا۔ بولے، فروری اہم ہے، دھواں خیرپور سے اٹھا ہے، پنجاب تک جائے گا۔ سندھ اسمبلی میں آج دھواں اٹھنے اور اس کے دور تک جانے کی بازگشت سنائی دی۔
ہوا کچھ یوں کہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کے معزز ارکان آج مہمان تھے، تو اسپیکر آغا سراج درانی نے ان کے لیے پرتکلف ظہرانے کا بندوبست کیا، لیکن شاید اپنے ارکان اسمبلی کو ہوا نہ لگنے دی، شاید یہی وجہ تھی جب باربی کیو کا دھواں اٹھا تو فنکشنل لیگ کی نصرت سحر عباسی کو آگ کی پریشانی نے گھیر لیا۔
اب کھانے کا ذکر آہی گیا تو ہم آپ کو دعوتِ شیراز کا مینیو ہی بتادیں، جس کی تیاری کا اہتمام اسمبلی کے کیفے ٹیریا میں ہی کیا گیا، مہمانوں کی تواضع کے لیے جہاں شاہی قورمے، بریانی اور فش فلے کا انتظام کیا گیا، وہیں سیخ کباب، ریشمی کباب اور چکن تکوں کی مہک بھی اسمبلی میں رچ بس گئی۔
میزبانوں میں سائیں قائم علی شاہ اور منظور وسان بھی شامل تھے۔منظور وسان سے جب پوچھا گیا کہ یہ دھواں سا کہاں سے اٹھتا ہے،تو انہوں نے ذومعنی انداز میں کہا کہ فروری بہت اہم ہے، دھواں خیرپور سے اٹھا ہے پنجاب تک جائے گا۔
اب یہ باربی کیو کے دھویں کا ذکر تھا، یا اس دھویں کا جو کلیجے سے اٹھتا ہے،یہ تو منظور وسان جانیں اور ان کی پیشنگوئی،لیکن ایک بات طے ہے کہ دھواں اٹھتا وہیں سے ہے، جہاں آگ لگی ہو۔