سلمی طیب علی نے اسپیشل ورلڈ اولمپک کھیلوں میں پاکستان کے لئے بیڈمنٹن سنگل اور ڈبل میں گولڈ میڈل حاصل کرکے نہ صرف پاکستان کا نام اور سبز ہلالی پرچم دنیا میں بلند کیا بلکہ پاکستانی قوم کے سر بھی فخر سے بلند کر دیئے ہیں۔
اس بات کا اظہار صوبائی وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر نے ام سلمیٰ طیب علی کے گھر پر اس سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر اسپورٹس شہزاد پرویز بھٹی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کھیل اسپیشل چائلڈ ام سلمیٰ طیب علی کے اس کارنامے کو کبھی فراموش نہیں کر سکتا اور ہم کوشش کریں گے کہ بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کے لئے ام سلمی کو ہر وہ سہولت فراہم کریں جس کی وہ مستحق ہے۔
واضح رہے کہ اسپیشل چائلڈ ام سلمیٰ نے لاس اینجلس امریکہ میں ہونے والے اسپیشل ورلڈ اولمپک جو 21 جولائی سے 5 اگست تک جاری رہے اس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بیڈمنٹن سنگل میں فلسطین کو شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ مکس ڈبل میں لاہور کے جہانزیب اقبال کے ہمراہ جاپان کو زیر کرکے مکس ڈبل میں بھی گولڈ میڈل حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ام سلمی پورے ٹورنامنٹ کے دوران ناقابل شکست رہیں اور رائونڈ میچز میں انہوں نے ڈنمارک’رحمانیہ’آئرلینڈ’پیرو اور روائتی حریف انڈیا کو بھاری مارجن سے شکست دی۔ ڈائریکٹر اسپورٹس شہزاد پرویز بھٹی نے ام سلمیٰ طیب علی کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے پاکستان میں بھی بہت جلد اسپیشل بچوں کے لئے کھیلوں کے انعقاد کا عندیہ دیا۔