اسلام آباد (جیوڈیسک) پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ایف 8 کچہری پر ہونے والے حملے کے بعد خصوصی عدالت بھی غیر محفوظ ہے لہذا مشرف ایک ہفتے تک عدالت میں پیش نہیں ہوں گے۔
احمد رضا قصوری کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز اسلام آباد کچہری میں ہونے والے حملے کے بعد خصوصی عدالت کو بھی غیر محفوظ سمجھتے ہیں، جب تک عدالت کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوں گے، کچہری پر حملے کے بعد اسلام آباد بار کونسل نے ایک ہفتے کے عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے، ہم علاقائی بار کونسل کے قوائد و ضوابط کو ماننے کے پابند ہیں لہذا کل عدالت سے اپیل کی جائے گی کہ پرویز مشرف ایک ہفتے تک عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔
سابق صدر کے خلاف غداری کیس کی سماعت سے قبل پرویز مشرف کے وکیل اور وکیل استغاثہ نے خصوصی عدالت کے رجسٹرار عبدالغنی سومرو کو بتایا کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی ایف 8 کچہری میں ہونے والے حملے کے باعث وکلاء نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کر رکھا ہے جس کی وجہ سے وہ عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بن سکتے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی ایف 8 کچہری میں خودکش دھماکے، دستی بم حملوں اور فائرنگ کے نتیجے میں ایڈیشنل سیشن جج رفاقت اعوان سمیت 11 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔