خصوصی عدالت پہلے ہی مشرف کو بیرون ملک جانے کیلئے آزاد قرار دے چکی ہے : طاہر حسین
Posted on April 3, 2014 By Majid Khan کراچی
کراچی: مشرف محافظ پاکستان ہیں ‘ پاکستان کے تحفظ و استحکام کیلئے ان کی خدمات مثالی ہیں اسلئے منتقم مزاج قوتیں اپنی تمام تر کوششوں اور سازشوں کے باوجود ان کا بال بھی بیکا نہیں کر پائیں گی۔ آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے سینئر رہنما شاہد قریشی ‘ جنرل سیکریٹری مسلم بھٹو ‘ سیدوصی الدین اور انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید نے کہا ہے کہ فرد جرم عائد کرنے کے باوجود مشرف کوآزاد قرار دیا جانا اور عدالت کی جانب سے مشرف پر بیرون ملک جانے پر پابندی سے اجتناب اس بات کا ثبوت ہے کہ غداری کیس بلا جواز ہے مگر حکمرانوں کی جانب سے مشرف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نہ نکالنے کا فیصلہ اس بات کو ثابت کررہا ہے آئےن و قانون کے نام پر مشرف کو غدار قرار دلانے کے شوقین آئین و قوانین کو نہ صرف بائے پاس کررہے ہیں بلکہ انسانی حقوق کی دھجیاں بھی اڑارہے ہیں۔
آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنماوں نے مشرف اور ان کی والدہ کی صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی انتقام پرستی سے مشرف کی والدہ کو کچھ ہوگیا تو اس سے دنیا بھر میں ہونے والی پاکستان کی بد نامی کے ذمہ دار حکمران ہوں گے ۔ طاہر حسین نے مزید کہا کہ مشرف نے کوئی غیر آئینی کام نہیں کیا اسلئے حکمران اور ان کے آلہ کار اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود نہ تو مشرف کا کچھ بگاڑ پائیں گے اور نہ ہی انہیں اپنی والدہ کی عیادت کیلئے دبئی جانے سے روک پائیں گے اور مشرف جلد ہی بیرون ملک چلے جائےں گے جبکہ مشرف کی بیرون ملک روانگی کو فرار قرار دینے والے بھی جان لیں کہ مشرف محب وطن پاکستانی ہیں وہ اپنی والدہ کی عیادت اور طبیعت میں بہتری کے بعدوطن واپس آئیں گے اور تمام کیسز کا مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے اپنے اوپرلگنے والے غداری کے الزام کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے عدالتوںسے باعزت بری ہوکر ایک بار پھر قوم کی قیادت کرتے ہوئے ملک وقوم کو مضبوط ‘ مستحکم ‘ ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کیلئے جدوجہد کریں گے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com