خصوصی عدالت میں مشرف غداری کیس کی سماعت 7 مارچ تک ملتوی

Musharraf

Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) خصوصی عدالت میں مشرف غداری کیس کی سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی گئی، آئندہ سماعت پرججزکے متعصب ہونے سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ سنایا جائے گا۔ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت کا تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے۔

سابق صدر کے وکیل احمد رضا قصوری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان نے مجھے، انورمنصورایڈووکیٹ اورشریف الدین پیرزادہ کو پرویز مشرف کیس سے علیحدہ ہونے کیلئے دھمکیاں دی ہیں، ہم ان حالات میں کیس کی پیروی نہیں کرسکتے، عدالت کو کسی محفوظ جگہ منتقل کرنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

پراسیکوٹر اکرم شیخ ایڈووکیٹ نے کہا کہ عدالتیں جنگی حالات میں بھی کام کرتی ہیں۔ جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیے کہ کسی خطرے کی وجہ سے کیس کی فائل بند کر کے رکارڈ روم کی نظرنہیں کرسکتے، ہمیں اپنی ذمے داریوں کا احساس ہے، گرکیس عدالت کے سامنے آئے تو اسے چلانا ہمارا کام ہے، ہم جان کے خطرے کے باعث اپنا کام نہیں چھوڑ سکتے۔ جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ ججز کے متعصب ہونے سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ آئندہ سماعت پر سنایا جائے گا اور سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔