اسلام آباد (جیوڈیسک) پرویز مشرف کے وکلاء نے تحریک طالبان پاکستان کی جانب سےمبینہ دھمکی آمیز خط خصوصی عدالت میں پیش کردیا، وکلا کی جانب سے عدالت، ججز اور وکلا پر بھی حملے سے آگاہ کیا گیا۔
جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کے خلاف غداری مقدمے کی سماعت شروع کی۔ دوران سماعت سابق صدر کے وکیل انور منصور نے عدالت میں مؤقف اختیا کیا کہ خصوصی عدالت بھی غیر محفوظ ہے۔ کراچی میں انہیں گن پوائنٹ پرروک کر موبائل فون اور نقدی چھین لی گئی، وہ اس ذہنی کیفیت میں ہی نہیں کہ مقدمے کی پیروی کرسکیں۔
اس موقع پراحمد رضا قصوری روسٹرم پر آئےاور تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے مبینہ طور پر لکھا گیا دھمکی آمیز خط پیش کردیا جس میں سابق صدر پرویز مشرف کا مقدمہ لڑنے پر شریف الدین پیرزادہ، انور منصور اور احمد رضا قصوری کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔
اس موقع پر پرویز مشرف کے وکیل رانا اعجاز نے کہا کہ وہ قسم کھا کر کہتے ہیں ان کے پاس ایسی مصدقہ اطلاعات ہیں کہ اس عدالت پر بھی حملہ کیا جائے گا جس میں جج صاحبان، وکلاء صفائی اور استغاثہ کو نشانہ بنایا جائے گا۔