اسلام آباد (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا سیاسی قیادت کے اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں نازک موڑ پر پہنچ چکا ہے۔ بحیثیت قوم ہم دہشتگردی کیخلاف جنگ کو ہارنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔
دہشتگردی کیخلاف جنگ میں جیت ہماری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے مستقبل کا انحصار آج ہمارے کئے گئے فیصلوں پر ہوگا۔ آج کے فیصلے قوم کی منزل کا تعین کریں گے۔ آج ہمارا فیصلہ قوم کی قسمت کا فیصلہ کرے گا۔ پہلے اے پی سی میں طے پانے والے اتفاق کا تسلسل جاری رہنا چاہیے۔
ہمیں آج کے فیصلوں پر عملدرآمد پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف ہمیں اب غیر معمولی فیصلوں کی ضرورت ہے۔
خصوصی عدالتیں فوج کی خواہش نہیں ہیں بلکہ وقت کی ضرورت ہیں۔ حالات معمول پر آنے کے بعد معمول کے نظام پر واپس آ جائیں گے۔