لاس اینجلس (جیوڈیسک) اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں پاکستانی سائیکلسٹ نے تاریخ رقم کردی، 6 گولڈز سمیت مجموعی طور پر 9 میڈلز جیت لیے، انٹرنیشنل فٹبال میں بھی ملک نے پہلا میڈل سینے پر سجالیا، گرین شرٹس نے نیپان ( جاپان ) کو 5-3 سے شکست دیکر کانسی کا تمغہ جیتا۔ سوئمنگ اور بیڈمنٹن میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک دونوں گیمز میں 2 ، 2 طلائی تمغے حاصل کرلیے ہیں۔
ان کھیلوں میں مجموعی تمغوں کی تعداد 26 ہو گئی ہے جن میں سونے کے 13 ،چاندی کے 8 اور کانسی کے 5 میڈل شامل ہیں۔ اسٹار سائیکلسٹ توصیف الحسن جنھوں نے 10 کلومیٹر ریس میں سونے کا تمغہ جیتا تھا گذشتہ روز 5 کلومیٹر ریس میں دوسرا میڈل اپنے نام کیا۔توصیف نے مقررہ فاصلہ 11 منٹ 10 سیکنڈ میں طے کیا۔متحدہ عرب امارات کے موسیٰ نے اس ریس میں چاندی اور فلپائن کے کامز نے کانسی کا تمغہ جیت لیا۔ دن کا دوسرا گولڈ میڈل پاکستانی کھلاڑی ام سلمیٰ طیب نے گروپ 5 بیڈمنٹن مقابلوں کے سنگلز ایونٹ میں جیتا۔
انھوں نے مدمقابل فلسطین کی مائدہ کے خلاف اسٹریٹ سیٹ میں21-18 اور 21-12 سے فتح حاصل کی، ایتھلیٹ امینہ اشرف نے لانگ جمپ مقابلوں میں دوسری پوزیشن حاصل کی اور چاندی کا تمغہ جیتا۔نادر حسین نے سو میٹر کی ڈویژن 49 دوڑ میں چاندی ، نایاب بی بی نے ڈویژن ون کی 200 میٹردوڑمیں کانسی کا تمغہ پاکستان کے نام کیا۔
فٹبال مقابلوں کے برانز میڈل میچ میں پاکستان نے نیپان (جاپان) کو 3کے مقابلے میں 5 گول سے ہرا دیا۔باسکٹ بال کے روایتی مقابلوں میں پاکستانی ٹیم نے پولینڈ کو شکست دے کر سلور میڈل جیت لیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے میڈلز کی مجموعی تعداد 26 ہو گئی ہے جن میں سونے کے 13 چاندی کے 8 اور کانسی کے 5 تمغے شامل ہیں۔ سوئمنگ میں پاکستان نے اب تک سونے کے 2اور چاندی کے 2 میڈلز جیتے ہیں۔ ایتھلیٹکس میں سونے کا ایک ، چاندی کے 3 اور کانسی کے 2 میڈلز حاصل کئے ہیں، بیڈمنٹن میں سونے کے 2 میڈلز پاکستانی کھلاڑیوں کے نام رہے۔
سائیکلنگ میں پاکستانی اسپیشل کھلاڑیوں کی کارکردگی اب تک سب سے شاندار رہی ہے اور مجموعی طور پر پاکستانی سائیکل سواروں نے ان مقابلوں میں سونے کے 6 چاندی کے 2 اور کانسی کا ایک تمغہ جیتا ہے۔ ٹیبل ٹینس میں سونے کا ایک اور کانسی کا ایک ، ٹینس میں سونے کا ایک، روایتی باسکٹ بال میں چاندی کا ایک جبکہ فٹبال میں کانسی کا ایک تمغہ پاکستان نے جیتا ہے۔