اسپیشل اولمپکس میں کامیابیاں سمیٹ کر پاکستانی ایتھلیٹس وطن پہنچ گئے

Olympics

Olympics

کراچی (جیوڈیسک) آسٹریلیا میں ہونے والے اسپیشل اولمپکس ایشیا پیسفک گیمز میں 51 میڈلز جیتنے والے پاکستان کے اسپیشل کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے ہیں، کراچی ائرپورٹ پر کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔

آسٹریلیا کے شہر نیو کیسل میں ہونے والے پہلے ایشیا پیسفک گیمزمیں پاکستان کا پرچم سر بلند کرنے والے اسپیشل اولمپئنز جوں ہی کراچی ائر پورٹ سے باہر آئے تو ٹرمینل پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔

پاکستان نے ان مقابلوں میں 23 گولڈ میڈلز سمیت 51 تمغے جیتے، ٹیم کی کوچ عشرت زہرہ کہتی ہیں کہ بچوں نے جو محنت کی انہیں اس کا پھل ملا، اب حکومت کی بھی ذمہ داری ہے کہ اسپیشل بچوں کی سر پرستی کرے۔

اسپیشل اولمپکس میں پاکستان کا نام اونچا کرنے والے پلیئرز وطن واپسی کے بعد فخریہ انداز میں اپنے میڈلز دکھاتے رہے۔ ان کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان کیلئے میڈلز جیت کر آئیں گے۔

اسپیشل اولمپکس میں پاکستانی پلیئرز کی شاندار کارکردگی اس بات کی دلیل ہے کہ اگر ہمت اور لگن ہو تو جیت کا حصول ناممکن نہیں۔