اسلام آباد : الخدمت فاؤنڈیشن کے کفالت یتامیٰ پروگرام کے زیرِ اہتمام الخدمت کمپلیکس میں کل پاکستان تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ ”صفائی کی اہمیت“ کے عنوان کے تحت منعقدہ تقریری مقابلے کی تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر محمدعبدالشکور،سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل احمد جمیل راشد، الخدمت کفالت یتامیٰ پروگرام کے نیشنل ڈائریکٹر بریگیڈیئر(ر) عبد الجباربٹ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد اقبال اور ملک بھر کے مختلف ریجنزمیں منعقدہ تقریری مقابلہ جات میں پوزیشن ہولڈرز بچوں اور ان کی ماؤں نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد عبدالشکور نے کہا کہ تقریری مقابلے کروانے کا مقصد بچوں میں صفائی کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ یہ بچے تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنی معاشرتی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ماحول دوست ہونے کا ثبوت دیں۔ مقابلہ ملک بھر کے تمام ریجنز میں تقریری مقابلہ جات میں ٹاپ کرنے والے بچوں کے مابین منعقد کیا گیا تھا جس میں آزاد کشمیر کے ذوالقرنین نے پہلی، سرگودھا سے علینہ نے دوسری اورسکھر سے غلام علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔بعد ازاں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے بچوں میں اعزازی شیلڈز اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔