فیصل آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین حاجی اکرم انصاری، رکن پنجاب اسمبلی نواز ملک اور سابق ایم پی اے خواجہ محمد اسلام نے کہاہے کہ عمران خان نے ذاتی مفادات کے لئے جمہوریت کو داؤ پرلگا دیا۔ قائد اعظم ؒنے پاکستان ووٹ سے حاصل کیا تھا اور یہاں جمہوریت ہی رہے گی۔
کسی کی سازش کامیاب ہوگی اور نہ آمریت کے حامی ٹولے کوبرداشت کیا جائے گا۔آج تین بجے این اے 85 اور پی پی 71 و 72 سے مسلم لیگ ن کے کارکن وزیراعظم سے اظہار یکجہتی کے لئے استحکام پاکستان ریلی نکال کر ثابت کریں گے کہ وہ کرکٹ خان، نام نہاد انقلابیوں اور تانگہ سوار سیاستدانوں کے عزائم خاک میں ملادیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محمد نواز ملک ایم پی اے کے ڈیرے پر منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علاقہ بھر کے مسلم لیگی کارکنوں کے علاوہ سابق ناظمین کونسلرز، خواتین اور مسلم لیگ ن کے تمام ذیلی ونگز کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔