اسلام آباد(جیوڈیسک)مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے الزام عائد کیا ہے کہ میاں نواز شریف کی تقریر کے بعد انتخابی نتائج کو تبدیل کیا گیا ، الیکشن کمیشن میں دھاندلی کی شکایت جمع کروادی ہے جبکہ مشاہد حسین سید نے کہا کہ چند حلقوں کے علاوہ مجموعی طور پر انتخابات شفاف ہوئے ، جنرل الیکشن کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے۔
وفاق اور بلوچستان مضبوط ہوئے ، صوبوں میں مخلوط حکومتیں بننی چاہئیں ۔ منگل کے روز الیکشن کمیشن میں دھاندلی کی شکایات جمع کرانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملکی صورتحال کے پیش نظر ملک میں شفاف انتخابات کرانے کی کوشش کی اور کسی حد تک الیکشن کمیشن اس میں کامیاب ہوا۔
مگر چند حلقوں میں گڑ بڑ ہوئی وہاں تحقیقات ہونی چاہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ میاں نواز شریف کی تقریر شفاف انتخابات پر اثر انداز ہوئی کیونکہ جس وقت ان کی تقریر کے ذریعے پورے ملک میں پھیلی اس وقت صرف چند حلقوں کے نتائج ہی آئے تھے۔
مگر ان کی تقریر کے بعد ڈی پی اوز ، ڈی سی اوز نے اپنی آنکھیں پھیر لیں اور نتائج یکسر تبدیل ہوگئے اور ان کی تقریر کو ہی مدنظر رکھتے ہوئے نتائج ترتیب دیئے گئے ہیں جس پر تشویش ہے اور اس حوالے سے اپنا موقف الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کردیا ہے۔