لاس اینجلس (جیوڈیسک) امریکا کی مغربی ریاست کیلی فورنیا میں سورج کی روشنی کثرت سے پائی جاتی ہے ، جواسٹیلا کے اس آزمائشی اور نمائشی سفر کے لئے بے حد موزوں ثابت ہوا۔
جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق شمسی توانائی کی مدد سے چلنے والی اس موٹر گاڑی کو دیکھنے کے لئے سینکڑوں افراد سڑکوں پر موجود تھے۔ کم وزن والی یہ موٹر گاڑی ایک مرتبہ چارج ہونے کے بعد 800 کلومیٹر تک چلنے کے صلاحیت رکھتی ہے۔
اور دھوپ زیادہ تیز ہو تو اس کی صلاحیت میں اضافہ بھی ممکن ہے۔ چار سیٹوں والی یہ گاڑی زیادہ سے زیادہ 80 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہے۔ اسٹیلا کو ہالینڈ کی آئیڈن بوون یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں تیار کیا گیا ہے۔
یہ کار آسٹریلیا میں 2013 میں منعقد ہونے والے ورلڈ سولر کار چیلنج بھی جیت چکی ہے۔ گاڑی کو تیار کرنے والے طلبا کی ٹیم کے ایک رکن کا کہنا ہے کہ آئندہ پانچ سے دس برس میں ایسی گاڑیوں کو تیار کر کے شو رومز کی زینت بنانا ممکن ہے۔
تا ہم اس مقام تک پہنچنے کے لئے کافی کام درکار ہو گا۔ ویسے بھی موٹر گاڑیاں بنانے والی بڑی بڑی کمپنیاں ابھی اس طرح کے منصوبوں میں زیادہ دلچسپی نہیں رکھتیں کیونکہ وہ اسے کافی آگے کا خیال قرار دیتی ہیں۔