اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات کے ارکان نے نندی پور پاور پراجیکٹ اور میٹرو بس منصوبوں کے حوالے سے اجلاس بلانے کی ریکوزیشن جمع کرا دی۔ نفیسہ شاہ کہتی ہیں ساٹھ ارب خرچ ہونے کے باوجود نندی پور منصوبہ بند پڑا ہے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات کا اجلاس عبدالحمید خان کی زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی ارکان نے نندی پور پاور پراجیکٹ اور راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے پر اجلاس بلانے کی ریکوزیشن جمع کرائی۔ کمیٹی کی رکن نفیسہ شاہ نے دونوں منصوبوں کے حوالے سے تٖحفظات کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبے وفاق کے ترقیاتی پروگرام نہیں۔ نندی پور پراجیکٹ پر ساٹھ ارب روپے خرچ ہوئے اس کے باوجود منصوبہ بند پڑا ہے۔ ترقیاتی منصوبے چین کے حوالے کرنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کیا ہمارے پاس اپنے ادارے موجود نہیں؟ ارکان نے نندی پور پاور پراجیکٹ کے حوالے سے سیکریٹری پلاننگ کی بریفنگ پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا۔